Wednesday, October 7

بحرین کے وزیر خارجہ آج سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

Bahraini Foreign Minister to Arrive in Islamabad on Official Visit

اسلام آباد، 7 اکتوبر 2026 (غفران): بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سلامتی، افرادی قوت و محنت اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں، میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ مذہب، اقدار، باہمی احترام اور دیرینہ عوامی روابط پر مبنی قریبی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باقاعدہ اعلیٰ سطحی روابط اور قریبی تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ بحرینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان بحرین تعلقات میں مثبت پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔