
اسلام آباد، 19 اگست 2026 (کامران راجا): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بدھ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان آئندہ سال ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ایس سی او سربراہی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایس سی او اجلاسوں کی کامیاب میزبانی اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔انہوں نے ایس سی او اجلاس کی ہموار، منظم اور کامیاب میزبانی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے شرکا کو سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، سیکریٹری داخلہ احمد رضا سرور، چیئرمین سی ڈی اے، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس سی او اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قریبی رابطہ کاری برقرار رکھتے ہوئے مطلوبہ انتظامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ پاکستان اہم علاقائی سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنا سکے۔