Tuesday, October 6

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

UN Chief Antonio Guterres Arrives in Islamabad on Three-Day Visit

اسلام آباد، 6 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد پہنچنے پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انتونیو گوتریس صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کریں گے۔ انتونیو گوتریس کے دورے سے پاکستان اور اقوام متحدہ کی قیادت کو علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام کے فروغ، عالمی امن اور سلامتی کے لیے اپنی کوششوں کو بھی اجاگر کیے جانے کا امکان ہے۔