
کیف، 4 نومبر 2026 (غفران): یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے زاپوریزیا میں امدادی سامان تقسیم کرنے والے مرکز پر روسی فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 37 ہوگئی ہے، جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق امدادی کارکن بدھ کے روز بھی کومیشوواخا گاؤں میں واقع ایک سابق اسکول کی تباہ شدہ عمارت کے ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے تھے۔ علاقائی فوجی انتظامیہ کے قائم مقام سربراہ میخائیلو سیمیکن نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ زاپوریزیا ریجنل ڈیفنس کونسل کے شریک سربراہ ایوان فیڈوروف کے مطابق 59 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روسی فورسز نے اس وقت اسکول کی عمارت پر فضائی بم گرائے جب لوگ امدادی سامان حاصل کرنے کے لیے وہاں پہنچ رہے تھے، بعد ازاں پناہ گاہ کو مزید بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ ہنگامی خدمات کے حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ریسکیو ٹیم کے دو اہلکار اور پولیس کے چار افسران بھی شامل ہیں۔ فرنٹ لائن کے قریب ہونے کے باعث اسکول میں تدریسی سرگرمیاں پہلے ہی معطل تھیں، تاہم عمارت کو پناہ گاہ اور انسانی امداد کی تقسیم کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جہاں ہر پیر کو امدادی سامان فراہم کیا جاتا تھا۔ دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں کومیشوواخا اور دو دیگر قریبی آبادیوں کے اطراف یوکرینی فوجی یونٹس کو نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی میں 25 تک یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے۔ روس اور یوکرین دونوں ایک دوسرے پر شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ یہ حملہ روس کے زیر قبضہ جنوبی یوکرین کے قصبے اولیشکی سے شہریوں کے انخلا کے لیے طے پانے والی چھ روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے ایک روز بعد کیا گیا۔ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی ثالثی سے ہونے والی اس عارضی جنگ بندی کے دوران تقریباً 800 افراد کو علاقے سے نکالنے میں مدد ملی۔ صدر زیلنسکی نے انخلا میں کردار ادا کرنے پر میلانیا ٹرمپ کو ریاستی اعزاز بھی دیا۔ ادھر جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ 10 اور 11 نومبر کو ابوظہبی میں یوکرین اور روس کے وفود کی میزبانی کرے گا۔ مجوزہ سہ فریقی مذاکرات میں جنگ کے خاتمے، جنگ کے بعد سکیورٹی انتظامات اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔