Friday, August 21

پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے مفت اجراء کی سہولت

Free Proof of Life Certificate Facility for Pensioners

اسلام آباد، 21 اگست 2026 (کامران راجہ): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے مفت اجراء کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت پنشنرز مختلف ذرائع سے گھر بیٹھے اور باآسانی اپنا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ پنشنرز اب پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے گھر بیٹھے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ موبائل ایپلی کیشن استعمال نہ کرنے والے پنشنرز کی جانب سے ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکے گا۔ پروف آف لائف کی مفت سہولت 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز پر بھی دستیاب ہوگی، جبکہ 988 نادرا رجسٹریشن مراکز اور 500 یونین کونسلز سے بھی یہ سرٹیفکیٹ مفت حاصل کیا جا سکے گا۔ نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔یہ سہولت موبائل رجسٹریشن وین، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ ایسے پنشنرز بھی آسانی سے استفادہ کر سکیں جنہیں روایتی مراکز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہو۔یہ اقدام وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل (ایم اے جی) کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا ہے۔

نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کر دیا ہے۔ یہ رجسٹر پنشنرز کی شناخت اور ان کے پروف آف لائف اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کے لیے مستند ذریعہ ہوگا۔ نئے نظام کے تحت کسی پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (سی آر ایم ایس) میں درج ہونے کی صورت میں متعلقہ پنشن کنٹرولر کو خودکار طور پر اطلاع مل جائے گی۔ اسی طرح ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی اطلاع بھی متعلقہ حکام کو فراہم کی جائے گی۔پنشن جاری رکھنے، اس میں تبدیلی کرنے یا اسے بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی۔ مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر کے ذریعے پنشنر کے پروف آف لائف اسٹیٹس کی براہِ راست تصدیق کر سکیں گے۔ ڈیجیٹل تصدیقی نظام سے پنشنرز کو بار بار ذاتی طور پر حاضر ہونے اور پنشن سے متعلق کاغذی تصدیق جمع کرانے کی ضرورت میں کمی آئے گی۔نادرا مستقبل میں دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کرے گا، جس سے ڈیجیٹل پنشن تصدیقی نظام کا دائرہ کار مزید وسیع ہو جائے گا۔