لاہور، 6 اگست 2026 (نو شین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، عوامی سہولیات میں بہتری، ترقیاتی اقدامات کے فروغ اور انتظامی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12.52 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پاسکو سے ایک ملین میٹرک ٹن گندم 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔ صوبائی کابینہ نے حکومت آزاد جموں و کشمیر کے لیے 5 ہزار لیپ ٹاپس کی فراہمی کی منظوری دی جبکہ بینک آف پنجاب میں 3 ارب روپے کی ایکویٹی سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی گئی تاکہ بینک کی مالی حیثیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اقدامات کے بجٹ، اپنی چھت اپنا گھر اور اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرامز کے لیے اضافی فنڈز، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔
کابینہ نے راولپنڈی رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کے نفاذ اور امن و امان سے متعلق انتظامی اقدامات کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی فنڈ سے متعلق سمری اور لاہور و فیصل آباد کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیز کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے پنجاب انڈسٹریز آرڈیننس 2026، پنجاب لوکل گورنمنٹ (پیدائش و اموات کے اندراج) رولز 2024 اور مجوزہ پنجاب اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2026 میں ترامیم کی منظوری دی۔ اجلاس میں میانوالی میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور ہیریٹیج ایریا ری وائیول بورڈ کے قیام اور اس کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری دی۔ مختلف سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندیوں میں نرمی اور نئی بھرتیوں سے متعلق متعدد سمریز کی بھی منظوری دی گئی۔دیگر اہم فیصلوں میں حکومت بلوچستان کو کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسینز کی فراہمی، اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں سے متعلق اقدامات، پنجاب میں نئے چائلڈ لیبر قوانین اور موٹر وہیکل اسکریپج اینڈ بائی بیک پروگرام سے متعلق قانونی ترامیم شامل ہیں۔ صوبائی کابینہ نے مختلف بورڈز اور اتھارٹیز میں تقرریوں اور نامزدگیوں کی بھی منظوری دی، جن میں پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی بھی شامل ہے۔ یہ اقدامات صوبے میں بہتر طرز حکمرانی، معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے فروغ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
