Saturday, August 29

پنجاب اسمبلی: 31 اگست کے اجلاس کا ایجنڈا جاری

Punjab Assembly Issues Agenda for August 31 Session

,لاہور، 29 اگست 2026 (کامران راجہ): پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے صوبائی اسمبلی کے 31 اگست کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ اجلاس دن 2 بجے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوگا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا۔ ایجنڈے کے مطابق متعلقہ صوبائی محکمے ارکان اسمبلی کی جانب سے ہاؤسنگ، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق سوالات کے جوابات دیں گے۔ ایجنڈے میں شامل توجہ دلاؤ نوٹسز پر بھی زبانی جوابات ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران مختلف صوبائی محکموں سے متعلق التوا کی تحریکیں بھی پیش کی جائیں گی اور ان پر بحث کی جائے گی۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مالی سال 2022-23 کی سالانہ رپورٹس بھی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ پنجاب دانش اسکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس اتھارٹی اور پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی مختلف سالوں کی سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ ایجنڈے کے مطابق متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات کے بعد پانچ بلز منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔ ان بلز میں پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم (ترمیمی) بل 2026، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی (ترمیمی) بل 2026، پنجاب فوڈ سیفٹی لاز (ترمیمی) بل 2026، انسدادِ دہشت گردی (پنجاب ترمیمی) بل 2026 اور پنجاب اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026 شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مجوزہ قانون سازی سمیت ایجنڈے میں شامل دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔