Sunday, August 9

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ میں تبادلہ خیال

اسلام آباد، 09 اگست 2026 (کامران راجا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران حال ہی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر خارجہ کو معاہدے کی بنیادی نوعیت اور تینوں ممالک کے اس مشترکہ عزم سے آگاہ کیا کہ وہ علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے تناظر میں بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ نائب وزیراعظم نے مقبوضہ مشرقی یروشلم کی صورتحال اور اردن میں حال ہی میں منعقدہ یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس کا معاملہ بھی اٹھایا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان جاری رابطوں کو سراہتے ہوئے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کے حالیہ دورہ پاکستان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔