
ہانگ کانگ، 09 اگست 2026 (نوشین): پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن کا انڈر 17 ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ عمیر عارف نے سنسنی خیز پانچ گیمز پر مشتمل فائنل میں انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ کو 3-2 سے شکست دی، ان کی فتح کا اسکور 4-11، 11-6، 11-5، 9-11 اور 11-4 رہا۔ عمیر نے ابتدائی گیم میں شکست کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا اور تیسرا گیم جیت لیا، تاہم میک برائیڈ نے چوتھا گیم جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ فیصلہ کن گیم میں پاکستانی کھلاڑی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ وہ بِلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے فیلو بھی ہیں۔ عمیر کی یہ کامیابی عالمی جونیئر اسکواش میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور ملک کے ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔