Thursday, August 20

پاکستان کا امریکا سے 10 ارب ڈالر کی سہولت کے لیے باضابطہ درخواست

Pakistan Seeks $10 Billion Facility from US; Progress Expected in September

اسلام آباد، 19 اگست 2026 (نوشین): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن سہولت کے حصول کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے، جس پر ستمبر تک پیش رفت متوقع ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کی درخواست اس وقت امریکی محکمہ خزانہ کے زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مالی معاونت کے متعدد ذرائع تلاش کر رہی ہے اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایکسِم بینک) اور امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) سمیت مختلف اداروں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے دوطرفہ قرضوں کی تنظیم نو کے لیے جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ دوطرفہ قرضوں کی ادائیگی کی مدت بڑھانے پر کام جاری ہے، جس کا مقصد قرضوں کی میچورٹی مدت کو 10 سال تک بڑھانا ہے تاکہ فوری مالی دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔حکومت بین الاقوامی شراکت داروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے اضافی مالی معاونت کے حصول اور ملک کی بیرونی مالی ضروریات کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔