
اسلام آباد، 14 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور برازیل نے دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ برازیل کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگس ڈی اگویار فریرے کی قیادت میں اسلام آباد میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹرز جبکہ چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایئر ہیڈکوارٹرز میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے، ادارہ جاتی روابط مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تبادلوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی بحری سلامتی کی صورت حال اور پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کے بحری تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈمرل ریناٹو فریرے نے پاک بحریہ کے علاقائی بحری سلامتی گشت کے اقدام کو سراہتے ہوئے علاقائی استحکام کے لیے اس کی خدمات کی تعریف کی۔ ایئر ہیڈکوارٹرز میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جدید کاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی تیاری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فضائی و دفاعی کارروائیوں، خلائی ٹیکنالوجی، سائبر صلاحیتوں، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں کو یکجا کرنے سمیت تکنیکی ترقی اور خود انحصاری کی اہمیت اجاگر کی۔ ایڈمرل فریرے نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دفاعی شعبے میں پاکستان اور برازیل کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔