لندن، 18 اگست 2026 (کامران راجہ): برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹپو عثمان نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ تعاون اور کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے شعبے میں تعاون اور روابط پر گفتگو ہوئی۔دونوں جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ ٹیسٹ سیریز کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور طویل عرصے سے جاری کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دیرینہ کھیلوں کے تعلقات، خصوصاً کرکٹ کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کرکٹ دونوں ممالک کے عوام اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
