
اسلام آباد، 17 اگست، 2026 (غفران) — پاکستان کے 11 سالہ مکس مارشل آرٹس فائٹر اورنگزیب تاثیر نے انٹرنیشنل ورلڈ مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی فائٹ جیت لی۔اورنگزیب تاثیر نے اپنے افتتاحی مقابلے میں جنوبی افریقہ کے 12 سالہ فائٹر روبن پریٹوریئس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔ کم عمری کے باوجود پاکستانی فائٹر نے عالمی سطح کے مقابلے میں شاندار مہارت اور بھرپور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ انٹرنیشنل ورلڈ مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں 82 ممالک کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی شریک ہیں، جس کے باعث یہ ایونٹ عالمی سطح پر ایک بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔پہلی فائٹ میں کامیابی کے بعد اورنگزیب تاثیر کا اگلا مقابلہ ازبکستان کے دولت بیگ عالموف سے ہوگا۔ اس مقابلے میں کامیابی نوجوان پاکستانی فائٹر کو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچا دے گی۔رپورٹس کے مطابق اگر اورنگزیب تاثیر اس چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو وہ پاکستان کے لیے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے والے فائٹر بن سکتے ہیں۔صرف 11 سال کی عمر میں عالمی سطح کے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی اور پہلی ہی فائٹ میں کامیابی نے نوجوان فائٹر کی صلاحیتوں کو نمایاں کردیا ہے۔ پاکستانی شائقین اب ازبک حریف کے خلاف ان کی اگلی فائٹ پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔