
کھٹمنڈو، 26 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): نیپال کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ہمالیہ کے مشہور پہاڑ آما دابلام کی چوٹی سے واپسی کے دوران گرنے سے ایک جرمن کوہ پیما ہلاک ہو گیا۔ مقامی ٹریکنگ کمپنی کے عہدیدار نے پیر کو بتایا کہ کوہ پیما نے اتوار کو 6,814 میٹر بلند آما دابلام کی چوٹی سر کی تھی، تاہم واپسی کے دوران وہ تقریباً 1,500 میٹر نیچے جا گرا اور پیر کو اس کی موت ہو گئی۔ کوہ پیما کو مقامی سفری اور انتظامی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ریئل ہمالیہ پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ گوکل تھاپا نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ سرچ ٹیم نے پیر ہی کے روز اس کی لاش تلاش کر کے نکال لی۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو پہاڑ سے منتقل کر دیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو کے ایک اسپتال پہنچایا جائے گا۔ ضلع سولکھمبو میں واقع آما دابلام کو کوہ پیماؤں کے لیے ایک مقبول مقام سمجھا جاتا ہے اور اسی علاقے میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی واقع ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب گزشتہ ہفتے مغربی نیپال کے ایک دوسرے پہاڑ پر دو جاپانی کوہ پیما بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق نیپال میں ستمبر سے نومبر تک جاری رہنے والے رواں موسمِ خزاں کے کوہ پیمائی سیزن کے دوران 300 سے زائد کوہ پیماؤں کو آما دابلام سر کرنے کے اجازت نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔