Tuesday, November 10

میلبرن رینیگیڈز نے بگ بیش لیگ 16 کے لیے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ٹیم میں شامل کرلیا

Melbourne Renegades Sign Bangladesh Pacer Mustafizur Rahman for BBL 16

اسلام آباد، 4 نومبر 2026 (غفران): بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 16ویں ایڈیشن کے لیے میلبرن رینیگیڈز نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے، جس کے ساتھ وہ پہلی مرتبہ آسٹریلیا کی معروف ٹی 20 لیگ میں شرکت کریں گے۔ 31 سالہ مستفیض الرحمان کو ٹی 20 فرنچائز کرکٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور وہ اب تک 331 میچوں میں 423 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی شمولیت کا فیصلہ میلبرن رینیگیڈز کے فاسٹ بولر جیسن بہرینڈورف کے کندھے کی انجری کے باعث آئندہ سیزن سے باہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ تاہم مستفیض الرحمان انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث پرتھ اسکارچرز کے خلاف ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولر نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ کھیلنے اور میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلنا ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔ رینیگیڈز کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے مستفیض الرحمان کو ٹی 20 کرکٹ کا مؤثر اور میچ وننگ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور پلے اور اننگز کے آخری اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے کی ان کی صلاحیت ٹیم کے فاسٹ بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط بنائے گی۔ مستفیض الرحمان انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اور نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل کے ساتھ ٹیم کے تیسرے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔ بگ بیش لیگ کے 16ویں ایڈیشن کا آغاز 12 دسمبر کو میلبرن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان چنئی میں ہونے والے افتتاحی میچ سے ہوگا، جو پہلی مرتبہ بھارت میں منعقد کیا جائے گا۔ 44 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا ابتدائی مرحلہ 16 اور 17 جنوری کو مسلسل دو روز ڈبل ہیڈرز کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد چار ٹیموں پر مشتمل فائنلز مرحلے کا آغاز 19 جنوری کو کوالیفائر میچ سے ہوگا، جبکہ فائنل 26 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر فائنل کے لیے ایک اضافی دن بھی مختص کیا گیا ہے۔