Saturday, September 12

میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

Major Aziz Bhatti Shaheed’s 61st Martyrdom Anniversary Observed

اسلام آباد، 12 ستمبر 2026 (نوشین): ستمبر 1965 کی جنگ کے ہیرو اور پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر کے حامل میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید 6 اگست 1928 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے اور 21 جنوری 1948 کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔ 1950 میں اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر انہیں بہترین کیڈٹ قرار دیا گیا جبکہ انہیں تلوارِ اعزاز اور نارمن گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔ 1965 کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کے دفاع میں غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل پانچ دن اور پانچ راتیں دشمن کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ شدید مشکلات اور بھوک و پیاس کے باوجود وہ اپنی پوسٹ پر ثابت قدم رہے اور دشمن کے خلاف کارروائی جاری رکھی۔ 12 ستمبر کو بی آر بی نہر کے قریب دشمن کی نقل و حرکت کا جائزہ لیتے ہوئے وہ دشمن کی گولہ باری کی زد میں آ گئے اور ایک گولہ سینہ چیرتا ہوا گزر گیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ 1966 کو نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے میجر عزیز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات، فرض شناسی، قیادت اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی میجر عزیز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال قرار دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی حب الوطنی اور جذبہ ایثار کو سلام پیش کرتی رہے گی۔ اس موقع پر میجر عزیز بھٹی شہید کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔