
تھرپارکر، 8 ستمبر 2026 (نوشین): مٹھی سول اسپتال میں رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 480 نومولود بچوں کی اموات ہوئی ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں غذائی قلت، کم وزن اور مختلف بیماریاں شامل ہیں۔ اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق جنوری سے اگست تک 2,732 بچوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا، جن میں سے 1,387 بچے صحتیابی کے بعد ڈسچارج ہوئے جبکہ 106 بچوں کو مزید علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ریکارڈ کے مطابق جنوری میں 70، فروری میں 39، مارچ میں 54، اپریل میں 47، مئی میں 65، جون میں 75، جولائی میں 69 اور اگست میں 61 بچوں کی اموات ہوئیں۔ تھرپارکر میں بچوں کی اموات کی بڑی وجوہات میں غذائی قلت، ماؤں کی ناقص غذائیت، کم عمری کی شادیاں اور متعدی بیماریاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مٹھی سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے صورتحال سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا اور ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرتے رہے۔ نومولود بچوں کی اموات کی بڑی تعداد تھرپارکر میں صحت عامہ اور غذائی قلت کے سنگین بحران کی نشاندہی کرتی ہے، جس کے باعث ماں اور بچے کی بہتر طبی سہولیات، بروقت علاج اور غذائی معاونت کی فوری ضرورت ہے۔