Tuesday, October 7

ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر پاک بحریہ کے ریسکیو آپریشنز

ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر پاک بحریہ کے ریسکیو آپریشنز

کراچی، 10 ستمبر2025  (کامران راجہ): پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کے امدادی آپریشنز جاری ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی فوری مدد اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں مسلسل مصروف عمل ہیں۔

سندھ میں کشمور، گھوٹکی، سکھر اور شکارپور کے اضلاع میں سیلاب میں گھرے افراد کے انخلاء کے لیے پاک بحریہ ہوور کرافٹس استعمال کر رہی ہے۔ یہ ہوور کرافٹس زمین،پانی اور دلدلی علاقوں میں آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ سندھ کے ان اضلاع میں اب تک 4335 افراد اور 125 سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ملک بھر کےمتعدد مقامات پر ریسکیو آپریشنز انجام دیے جن میں علی واہان، الف کچہ، بچل شاہ میانی، گاؤں حاجی غلام مصطفیٰ جتوئی اور سومرو گوٹھ (سکھر)، جام علی چاچڑ اور کے کے بند (کشمور)، سومرو پنواری (پنو عاقل)، گھمرو گوٹھ (شکارپور) اور شنک بند (گھوٹکی) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قصور، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، میر پور خاص، سانگھڑ، سجاول،بونیر, شانگلہ اور مینگورہ کے علاقوں میں بھی پاک بحریہ کےریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محصور افراد کو پاک بحریہ کے ہوورکرافٹس اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ متاثرہ افراد کے انخلا کے ساتھ ساتھ گھریلو سامان اور کھاد کے ذخائر بھی بحفاظت منتقل کیے گئے۔ پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں سیلاب متاثرین کو راشن، طبی امداد اور ادویات بھی مہیا کر رہی ہیں۔ یہ امدادی آپریشنز مقامی سول انتظامیہ کے تعاون سے سرانجام دیے جا رہے ہیں تاکہ ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔

یہ امدادی آپریشنز پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ ہے کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر متاثرہ شہری کے تحفظ کو یقینی بنانے تک اپنی امدادی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے گی۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)