اسلام آباد، 8 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کے روز اسلام آباد پولیس کے نئے کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید مرکز پولیسنگ کو جدید خطوط پرl استوار کرنے، کمانڈ نظام کو مضبوط بنانے اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ نئے مرکز کے ذریعے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی آپریشنز، پولیس کی سرگرمیوں، فیلڈ فورس کی تعیناتی اور ہنگامی صورتحال میں پولیس کے ردعمل کی براہِ راست نگرانی اور کمانڈ کر سکیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام اہم آپریشنل نظام کو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک کرنے سے حقیقی وقت میں نگرانی، تیز تر فیصلوں اور ہنگامی حالات میں فوری کارروائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم، نگرانی اور احتساب کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کمانڈ و مانیٹرنگ سسٹمز کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی آپریشنز، پولیس سرگرمیوں، فیلڈ فورس مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیا مرکز پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطے اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنائے گا جبکہ بروقت معلومات کے تبادلے اور فوری فیصلوں میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ افتتاحی تقریب میں آئی جی اسلام آباد، سینئر پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
