Saturday, September 12

شفقت علی خان آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر مقرر

Shafqat Ali Khan Becomes Pakistan’s First Ambassador to Armenia

یریوان، 12 ستمبر 2026 (غفران): آرمینیا میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واہگن خاچاطوریان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں، جو 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد آرمینیا میں پاکستان کی پہلی سفارتی سطح کی تعیناتی ہے۔ اسنادِ سفارت پیش کرنے کی تقریب صدارتی محل یریوان میں منعقد ہوئی۔ صدر واہگن خاچاطوریان نے سفیر شفقت علی خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں تعیناتی پر مبارکباد دی اور آرمینیا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر شفقت علی خان نے صدر آرمینیا کو صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پہنچائی اور پاکستان کے آرمینیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، عوامی روابط اور باہمی معاشی تعاون کے دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا گیا۔ دورے کے دوران سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان اور نائب وزیر خارجہ مناتساکان سفاریان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ ایجنڈے، علاقائی و عالمی امور اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر شفقت علی خان متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور آرمینیا میں غیر مقیم سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔