
کراچی، 5 اگست 2026 (نوشین): حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے ہفتہ کو دوبارہ ہفتہ وار تعطیل قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پانچ روزہ تعلیمی ہفتہ بحال کر دیا ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے مطابق اب تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی، جبکہ تدریسی سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک جاری رہیں گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پانچ روزہ تعلیمی ہفتے کے باوجود نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ کو دو روزہ ہفتہ وار تعطیل فراہم کرنا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ سندھ بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر نافذ ہوگا۔ یہ فیصلہ گزشتہ ماہ جاری کیے گئے اس نوٹیفکیشن کی جگہ لے گا، جس کے تحت یکم اگست 2026 سے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں پیر سے ہفتہ تک چھ روزہ تدریسی ہفتہ نافذ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ صوبے بھر کے اسکول دو ماہ پر محیط گرمیوں کی تعطیلات (یکم جون سے 31 جولائی 2026) کے بعد حال ہی میں دوبارہ کھلے تھے۔ تعلیمی شیڈول کا ازسرِنو جائزہ لینے کے بعد حکومت سندھ نے ہفتہ کو دوبارہ تعطیل قرار دیتے ہوئے روزانہ تدریسی اوقات میں اضافے کے ذریعے نصاب کی تکمیل کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کا مقصد نصاب کی مؤثر تکمیل کے ساتھ ساتھ طلبہ اور اساتذہ کی سہولت اور فلاح کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔