
اسلام آباد، یکم نومبر 2026 (نوشین): سمرفز نے جناح فٹسال کورٹس میں شی لیگ سینئرز کے فیصلہ کن مقابلے میں اسلام آباد سٹی کو 3-6 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ دونوں ٹیموں نے ابتدائی تین راؤنڈز میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا تھا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں سمرفز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے اسرا اور حاجرہ نے دو، دو گول اسکور کیے۔ اسلام آباد سٹی کی جانب سے مریم نے شاندار انداز میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم سمرفز نے جوابی حملے کرتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام تک 1-3 کی برتری حاصل کرلی۔ اسرا نے خوبصورت فنشنگ کے ذریعے مقابلہ برابر کیا، جس کے بعد فاطمہ نے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ لوزا نے بھی گیند پر قبضہ حاصل کرکے گول اسکور کیا۔ دوسرے ہاف میں اسرا نے وریشہ کے ساتھ بہترین تال میل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھا گول کیا، جبکہ حاجرہ نے مزید دو گول کرکے ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔ اسلام آباد سٹی کی جانب سے مریم اور علینہ نے آخری لمحات میں دو گول کیے، تاہم یہ کوششیں شکست سے بچانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔ اسرا کو سینئرز ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسری جانب اسلام آباد سٹی نے جونیئرز ایونٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمرفز کو 1-6 سے شکست دے کر شی لیگ جونیئرز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اسلام آباد سٹی نے پانچوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ شنزے نے چار گول اسکور کیے جبکہ عنایہ نے بھی ایک گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ عنایہ کو جونیئرز ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسلام آباد سٹی نے دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم مڈفیلڈ سے چھ پوائنٹس کی برتری حاصل کی، جبکہ سمرفز سات پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی۔