Monday, November 2

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی گلگت بلتستان کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

 

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی گلگت بلتستان کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد، یکم نومبر 2026 (کامران راجہ): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈوگرہ راج کے خلاف جدوجہد کرنے اور خطے کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے رہنماؤں اور عوام کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اتوار کو جاری کیے گئے اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے 1947 کے تاریخی واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج کا خاتمہ کرکے آزادی کا اعلان کیا اور بعد ازاں قائداعظم محمد علی جناح کو خط لکھ کر پاکستان کے ساتھ الحاق کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے دفاع اور ترقی میں گلگت بلتستان کے عوام کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزادی کے حصول کے لیے خطے کے رہنماؤں اور عوام کی جرات، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کو درپیش معاشی مشکلات کے حل اور ادارہ جاتی و انتظامی اصلاحات کے نفاذ کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔