Wednesday, August 12

حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، درخواستیں اور ادائیگیاں آن لائن ہوں گی

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (نوشین): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر حج 2027 کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج اب پاک حج موبائل ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے اپنے گھروں سے چند منٹوں میں حج درخواستیں جمع کرانے کے ساتھ ساتھ واجبات کی ادائیگی بھی کر سکیں گے۔سردار محمد یوسف نے بتایا کہ تقریباً 4 لاکھ پری رجسٹرڈ عازمین حج درخواستوں کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے نجات ملے گی۔وفاقی وزیر کے مطابق عازمین کی سہولت کے لیے حج واجبات گھر بیٹھے ادا کرنے کے لیے تین ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع متعارف کرائے گئے ہیں۔ حکومت کی حج اسکیم 2027 کے تحت مجموعی طور پر 107,526 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 روزہ حج پیکیج کی لاگت 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حج کے پورے عمل کی ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد پاکستانی عازمین کے لیے حج انتظامات کو مزید آسان، شفاف اور سہل بنانا ہے