
لاہور، 8 اگست 2026 (کامران راجا): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے ایجنٹ مافیا اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مبینہ طور پر وزارت خارجہ کی تصدیق کی خدمات فراہم کرنے والا دفتر چلانے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا۔ گلبرگ میں کارروائی کے دوران ایف آئی اے حکام نے خدیجہ سمیر نامی خاتون کو گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر وزارت خارجہ کی دستاویزات کی تصدیق کی خدمات سے متعلق دفتر چلا رہی تھی۔ چھاپے کے دوران وزارت خارجہ کے اپوسٹیل سے متعلق دستاویزات برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں۔ کارروائی ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے کیس نمبر 42/26 کے تحت کی گئی۔ دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نے بجلی چوری میں مبینہ طور پر ملوث ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت پرویز احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو 2024 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔ دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے۔