
دبئی، 15 ستمبر 2026 (غفران): بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں کامیابی کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے چیمپئن شپ ٹرافی وصول کرنے سے انکار کرکے تنازع کھڑا کردیا۔ محسن نقوی فائنل کے مہمان خصوصی تھے تاہم دفاعی چیمپئن سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے اے سی سی صدر سے ٹرافی وصول نہیں کی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال بھارتی مردوں کی کرکٹ ٹیم سے متعلق سامنے آنے والے ایسے ہی تنازع کی یاد تازہ کرگیا، جب بھارتی کھلاڑیوں نے بھی تقریب کے دوران محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔ میدان میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 183 رنز بنائے اور سری لنکا کو 184 رنز کا ہدف دیا، تاہم دفاعی چیمپئن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور 111 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور کیا جبکہ نیلکشی ڈی سلوا نے 22 رنز بنائے۔ سری لنکا کی دیگر بلے باز بھارتی بولرز کے سامنے خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکیں اور بھارت نے اننگز کے دوران مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔ بھارت کی فتح نے اسے ایک اور براعظمی ٹائٹل دلا دیا، تاہم میچ کے بعد ٹرافی تقسیم کرنے کی تقریب بھارتی ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی۔