
اسلام آباد، 15 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کے روز 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت کے پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری خارجہ اور اسپیشل سیکریٹری (اقوام متحدہ) نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو مجوزہ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں، دوطرفہ مذاکرات اور جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی دیگر اہم سرگرمیاں شامل ہیں۔ اسحاق ڈار نے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی ترجیحات اور انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران پاکستان کی فعال اور مؤثر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ کاری اور مکمل تیاری برقرار رکھی جائے۔