Wednesday, August 5

آسکر ایوارڈ یافتہ آئرش موسیقار گلین ہینسرڈ موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق

ڈبلن، 6 اگست 2026 (نوشین): آسکر ایوارڈ یافتہ آئرش گلوکار، نغمہ نگار، موسیقار اور اداکار گلین ہینسرڈ ڈبلن میں پیش آنے والے ایک موٹر سائیکل حادثے میں 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی مینجمنٹ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ وہ بدھ کی علی الصبح پیش آنے والے سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔ مینجمنٹ کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہنگامی امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائی کی، تاہم گلین ہینسرڈ حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ آئرش پولیس نے بھی تصدیق کی کہ مغربی ڈبلن میں موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں 50 سال سے زائد عمر کا ایک شخص ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق حادثہ ایک ہی گاڑی پر مشتمل تھا، یعنی موٹر سائیکل کسی دوسری گاڑی سے ٹکرائے بغیر حادثے کا شکار ہوئی۔ ہنگامی خدمات کو صبح تقریباً ساڑھے چار بجے سے کچھ دیر پہلے اطلاع دی گئی، جس کے بعد امدادی اہلکار موقع پر پہنچے، تاہم متاثرہ شخص کو جائے حادثہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔

گلین ہینسرڈ کو عالمی شہرت اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے 2008 میں آزاد فلم “ونس ( کے لیے گائے گئے گیت “فالنگ سلو لی ” پر بہترین اصل گیت کا اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) جیتا۔ یہ گیت انہوں نے فلم میں اپنی ساتھی اداکارہ اور گلوکارہ مارکیٹا ارگلووا کے ساتھ مل کر پیش کیا تھا۔ یہ گیت دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا اور فلمی موسیقی کی تاریخ کے یادگار گیتوں میں شامل ہو گیا۔ گلین ہینسرڈ نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز اپنی نوجوانی میں اپنے آبائی شہر ڈبلن کی سڑکوں پر گانا گا کر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے 1990 میں معروف آئرش راک بینڈ دی فریمز (قائم کیا۔ اپنے طویل موسیقی کے سفر کے دوران انہوں نے کئی کامیاب سولو البمز جاری کیے اور مشہور لوک میوزک جوڑی دی سوِل سیزن  کے رکن کے طور پر بھی دنیا بھر میں پرفارم کیا۔ فلم “ونس  کی کامیابی صرف فلمی دنیا تک محدود نہیں رہی بلکہ اس پر مبنی ایک براڈوے میوزیکل بھی تیار کیا گیا، جس نے 2012 میں آٹھ ٹونی ایوارڈز حاصل کیے۔ آسکر ایوارڈ وصول کرتے وقت اپنی جذباتی تقریر کے دوران گلین ہینسرڈ نے کہا تھا:”ہم یہاں کیا کر رہے ہیں؟ یہ تو ناقابل یقین ہے۔”

ان کے یہ الفاظ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئے اور ان کی سادگی و جذباتی کیفیت نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ فلم “ونس” میں مرکزی کردار ادا کرنے سے پہلے گلین ہینسرڈ نے معروف ہدایت کار ایلن پارکر کی 1991 کی میوزیکل فلم “دی کمیٹمنٹس میں ایک بینڈ رکن کا کردار ادا کیا تھا۔ موسیقی اور فلم کے شعبے میں ان کی خدمات نے انہیں آئرلینڈ اور دنیا بھر میں عزت و شہرت عطا کی۔ گلین ہینسرڈ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے مداحوں، موسیقاروں، فنکاروں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلین ہینسرڈ ایک انتہائی باصلاحیت موسیقار اور اداکار تھے، جنہوں نے کئی دہائیوں تک آئرلینڈ کے ثقافتی ورثے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔گلین ہینسرڈ کا انتقال آئرلینڈ کی موسیقی اور فنون لطیفہ کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کے لازوال گیت، منفرد آواز، شاندار فنکارانہ صلاحیتیں اور یادگار پرفارمنسز آنے والی نسلوں تک دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔ ان کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا اور انہیں آئرلینڈ کے عظیم موسیقاروں میں یاد رکھا جائے گا