سڈنی، 18 اگست 2026 (غفران): آسٹریلیا کے معروف کرکٹ اسٹار ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کا اعتراف کرنے کے بعد منگل کے روز جرمانہ عائد کردیا گیا اور انہیں گاڑی میں بریتھالائزر لاک استعمال کرنے کا حکم دیا گیا۔ آسٹریلیا کے عالمی شہرت یافتہ سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے ’’درمیانے درجے‘‘ کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔39 سالہ وارنر پر الزام تھا کہ انہوں نے اپریل میں وین چلاتے ہوئے بے ترتیب ٹریفک ٹیسٹنگ کے لیے قائم مقام مقام سے کچھ فاصلے پر گاڑی روک دی، جس کے بعد ان کا بریتھ ٹیسٹ کیا گیا، انہیں گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔سڈنی کی ویورلے لوکل کورٹ میں سزا سنائے جانے کے عدالتی ریکارڈ کے مطابق جج کلیئر فارنان نے وارنر کو باضابطہ طور پر جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 1,500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا۔عدالت نے انہیں 12 ماہ کے لیے ’’انٹرلاک‘‘ لائسنس رکھنے کا بھی حکم دیا، جس کے تحت انہیں بریتھالائزر ڈیوائس استعمال کرنا ہوگی۔ یہ ڈیوائس ڈرائیور کی سانس میں الکوحل کی موجودگی کا پتا چلنے کی صورت میں گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔ آسٹریلوی پبلک براڈکاسٹر اے بی سی کے مطابق دفاعی وکیل اویس احمد نے کہا کہ وارنر کا گاڑی چلانے کا فیصلہ ’’خراب، عجلت پر مبنی اور واضح طور پر احمقانہ فیصلہ سازی‘‘ کا مظہر تھا۔تاہم انہوں نے کہا کہ وارنر نے ٹریفک جرائم سے متعلق پروگرام میں شرکت کی اور اپنے کیے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
