اسلام آباد، 19 اگست 2026 (کامران راجہ): انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں اسلام آباد پولیس سے متعلق اہم انتظامی اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، لاجسٹکس سپورٹ اور پولیس ویلفیئر کے امور زیر بحث آئے۔ متعلقہ افسران نے آئی جی اسلام آباد کو اپنے اپنے شعبوں سے متعلق جاری اقدامات اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو مختلف اہم ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ان کی بروقت اور مؤثر تکمیل کے لیے ضروری ہدایات اور رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے تمام افسران کو پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور جاری اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور پولیس افسران و اہلکاروں کے فلاحی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر انتظامی نظام، مضبوط رابطہ کاری اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی اور فورس کی آپریشنل صلاحیت میں اضافے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں۔
