اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون کا یوکرین میں انسانی صورتحال پر بریفنگ کے دوران بیان
اقوام متحدہ 25 جولائ 2025 (کامران راجہ): میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میروسلاو ینچا اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ماسویا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جامع بریفنگ دی۔ پاکستان یوکرین میں جاری دشمنیوں اور اس کے تباہ کن انسانی اثرات پر گہری تشویش رکھتا ہے۔
یوکرین کا یہ تنازع جو اب اپنے چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے۔ ایک اندوہناک انسانی المیہ بن چکا ہے: لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، زندگیاں اور روزگار تباہ ہو گئے ہیں، اور شہری انفراسٹرکچر بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔ یہ طویل عرصے تک جاری رہنے والا تنازع واضح طور پر دکھا رہا ہے کہ جنگ کسی کو نہیں بخشتی اور اس کے اثرات اس خطے سے کہیں آگے عالمی امن و استحکام کو متاثر کر رہے ہیں۔
سال کے آغاز میں کی جانے والی سفارتی کوششوں، جن میں سلامتی کونسل کی قرارداد 2774 اور کئی محدود نوعیت کے سیزفائر معاہدے شامل تھے، کے باوجود کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔ قیدی...