ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 اگست سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان
کراچی، 3 اگست 2026 (غفران): آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے متفقہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے، جو مطالبات کی منظوری تک ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم پرویز علی ملک سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مطالبات پر مشتمل چارٹر پیش کیا جا چکا ہے، تاہم مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی۔
الائنس کے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا تعین...









