Tuesday, November 24

محکمہ جنگلات کی ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری کیکر کی لکڑی کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف کارروائی، لکڑی ضبط

Forest Department Seizes Illegally Cut Government Acacia Timber in Dera Ismail Khan

ڈیرہ اسماعیل خان، 24 نومبر 2026 (غفران): محکمہ جنگلات نے ڈیرہ اسماعیل خان کے محفوظ جنگلات سے غیر قانونی طور پر کاٹی گئی سرکاری کیکر کی لکڑی منتقل کرنے والی گاڑی ضبط کرلی جبکہ جنگلات کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار روپے بھی وصول کرلیے۔ کارروائی ڈویژنل فارسٹ آفیسر کی خصوصی ہدایات پر رینج فارسٹ آفیسر پروآ محمد آصف خان کنڈی اور ان کی ٹیم نے کی۔ اس دوران حکام نے رجسٹریشن نمبر CAE-006 والی ڈاٹسن گاڑی کو روکا، جس میں کیکر کی لکڑی لدی ہوئی تھی۔ واقعے میں جنوبی سکندر کے رہائشی ابوبکر، افتخار اور سمیع اللہ ملوث پائے گئے۔ ضبط شدہ لکڑی سرکاری تحویل میں لے لی گئی جبکہ جنگلاتی وسائل کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے گئے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر نے عملے کو ہدایت کی کہ سرکاری جنگلات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استحصال کی روک تھام کے لیے متعلقہ قوانین کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ محکمہ جنگلات نے محفوظ جنگلات اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔