Saturday, November 7

ایلن واکر کے دورہ لاہور کے دوران پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ ممکنہ اشتراک کی خبریں گردش کرنے لگیں

Alan Walker's Lahore Visit Fuels Speculation About Collaboration With Pakistani Singers

اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (نوشین): عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر کے دورہ لاہور کے دوران پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ ممکنہ میوزیکل اشتراک کے اشاروں نے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ ناروے اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف موسیقار، جو عالمی ہٹ گانے ’فیڈڈ‘ کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں، نے سوشل میڈیا پر پاکستانی گانے ’الفاظ‘ سے وابستہ گلوکاروں حمزہ ملک اور میوزیکل جوڑی زین اور زوہیب کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جس کے بعد ممکنہ مشترکہ میوزیکل پروجیکٹ سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب ایلن واکر نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر گانے ’الفاظ‘ کی میوزک ویڈیو شیئر کی اور اس میں گلوکاروں کے پیچھے موجود ایک پراسرار نقاب پوش کردار کی نشاندہی کی، جس کی شناخت ان کے اپنے مخصوص نقاب پوش انداز سے ملتی جلتی دکھائی دیتی تھی۔ ایلن واکر نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو میں واکر کون ہے؟ ویڈیو خوبصورت ہے۔ اس پر حمزہ ملک نے یوٹیوب پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ کردار فی الحال ایک راز ہے، تاہم شاید وہ مل کر اس راز سے پردہ اٹھا سکیں۔ بعد ازاں ایلن واکر نے ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے حمزہ ملک کے جواب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور جانے اور اس معاملے کو آگے بڑھانے کا عندیہ دیا۔ لاہور آمد کے بعد انہوں نے تاریخی شہر کی سیر کی جھلکیاں بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں اولڈ لاہور کی گلیوں میں چہل قدمی کی ایک ویڈیو بھی شامل تھی، جس کے پس منظر میں پاکستانی گانا ’الفاظ‘ چل رہا تھا۔ بادشاہی مسجد میں پاکستانی گلوکاروں کے ہمراہ ان کی ایک تصویر نے بھی ممکنہ میوزیکل پروجیکٹ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی۔ ایلن واکر نے انسٹاگرام اسٹوری پر فنکاروں کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے سوال کیا کہ آگے کیا ہونے والا ہے؟ تاہم اب تک کسی مشترکہ میوزیکل پروجیکٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن ان سرگرمیوں نے پاکستانی اور بین الاقوامی موسیقی کے مداحوں میں ممکنہ اشتراک کے حوالے سے توقعات بڑھا دی ہیں۔