Saturday, November 7

پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ بورڈ کا قیام، مقامی باکسرز کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کا اعلان

Pakistan Establishes Professional Boxing Board to Promote Local Talent

اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان میں کھیل کے فروغ، مقامی باکسرز کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے اور پروفیشنل باکسنگ کے لیے شفاف ضابطہ کار متعارف کرانے کے مقصد سے پروفیشنل باکسنگ بورڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بورڈ کے چیئرمین عامر خان نے اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیا ادارہ باکسرز، ریفریز اور ججز کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور تربیت کی نگرانی کرے گا جبکہ عالمی باکسنگ تنظیموں سے الحاق کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئے منصوبے کے تحت پہلا پروفیشنل باکسنگ ایونٹ آئندہ سال 10 فروری کو منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ عامر خان نے پاکستانی باکسرز کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، خصوصاً کراچی کے علاقے لیاری میں نوجوانوں میں اس کھیل کا خاصا رجحان ہے، تاہم باکسنگ اکیڈمیز، جدید تربیتی سہولیات اور مالی معاونت کی کمی کے باعث کئی باصلاحیت کھلاڑی اپنے کیریئر کو آگے نہیں بڑھا پاتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ باکسنگ اکیڈمیز کے قیام کے لیے خالی اسپورٹس کمپلیکس اور دستیاب سرکاری اراضی فراہم کی جائے، جبکہ انہوں نے نجی وسائل سے مزید تربیتی مراکز قائم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے بھاری اخراجات کے باعث کئی باصلاحیت پاکستانی باکسرز ملک چھوڑنے یا دوسرے ممالک کی نمائندگی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ نئے بورڈ کا مقصد کھلاڑیوں کو بیرون ملک مقابلوں میں شرکت، عالمی معیار کی تربیت اور اسپانسرشپ کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ مقابلے میں کامیابی یا شکست سے قطع نظر باکسرز کو مالی معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ عامر خان نے بتایا کہ بورڈ عالمی باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی)، عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے)، انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن (آئی بی ایف)، عالمی باکسنگ تنظیم (ڈبلیو بی او) اور کامن ویلتھ باکسنگ سے الحاق کی کوشش کرے گا تاکہ پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی ٹائٹلز کے لیے مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ نجی شعبے کی کوششوں سے قائم کیا گیا ہے اور اس کے لیے سرکاری فنڈز یا عوامی وسائل پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مقابلوں سے قبل طبی معائنہ، فٹنس ٹیسٹ اور دیگر ضروری صحت کے جائزے لازمی ہوں گے، جبکہ باکسرز کے تجربے اور سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مقابلے طے کیے جائیں گے۔ بورڈ کے صدر شجاع خان نے کہا کہ ادارہ ریفریز اور ججز کی تربیت اور پیشہ ورانہ قابلیت بہتر بنانے پر بھی توجہ دے گا، جس کے لیے قومی اور بین الاقوامی معیار کے تربیتی کورسز متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ مقابلوں میں منصفانہ اور شفاف فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ بورڈ کے جنرل سیکریٹری طاہر خان نے کہا کہ ادارے کا مقصد پاکستانی باکسرز اور تکنیکی عملے کی عالمی سطح پر شناخت بہتر بنانا ہے اور مقامی ریفریز و ججز کو ایشیائی اور عالمی مقابلوں میں خدمات انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ بورڈ کے قانونی نمائندے سلطان قمر افضل نے کہا کہ ادارہ کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا۔ حکام کے مطابق باکسرز، ریفریز اور ججز کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے شو باکسنگ ڈاٹ کام (Showboxing.com) پورٹل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جہاں امیدوار اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد طبی معائنے اور انٹرویوز کیے جائیں گے، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ بورڈ کا مزید منصوبہ ہے کہ کھلاڑیوں کے مقابلوں کا ریکارڈ اور نتائج مستند بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر محفوظ کیے جائیں تاکہ ان کی شفافیت اور اصلیت برقرار رہے اور ریکارڈ میں کسی قسم کی غیر مجاز تبدیلی نہ کی جا سکے۔