Monday, November 2

پاکستان نے عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز پلیٹ ٹائٹل جیت لیا

Pakistan Defeat Oman by 18 Runs to Clinch Hong Kong Sixes Plate Title

اسلام آباد، یکم نومبر 2026 (غفران): پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز 2026 کے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سیکنڈ ٹائر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، تاہم قومی ٹیم مرکزی چیمپئن شپ کا دفاع کرنے میں ناکام رہنے کے بعد مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کر سکی۔ مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ چھ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، کپتان عباس آفریدی نے صرف 16 گیندوں پر ایک چوکے اور 11 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ عبدالصمد نے پانچ گیندوں پر 26، احمد دانیال نے پانچ گیندوں پر 25 جبکہ محمد شہزاد نے چار گیندوں پر 13 رنز بنائے، خواجہ نافع نے سات رنز کا اضافہ کیا۔ جواب میں عمان کی ٹیم مقررہ چھ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔ عثمان علی نے صرف 17 گیندوں پر چار چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے جبکہ ذوہیب امانت نے 18 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ پاکستانی فیلڈر احمد دانیال نے عمانی کپتان عامر کلیم کو رن آؤٹ کیا جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز متحدہ عرب امارات کے خلاف شکست سے کیا تھا، اس میچ میں عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ یو اے ای کے کپتان خالد شاہ نے 20 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ قومی ٹیم نے دوسرے گروپ میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر کم بیک کیا اور 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 41 جبکہ عباس آفریدی نے آٹھ گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے۔ تاہم یو اے ای نے بھارت کو شکست دے کر گروپ میں دوسری کامیابی حاصل کی اور مرکزی ٹرافی کے مرحلے میں جگہ بنا لی، جس کے باعث پاکستان کو پلیٹ مقابلے میں جانا پڑا۔ پلیٹ سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان ہانگ کانگ کو شکست دی اور 107 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ کپتان عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا، جہاں عمان کے خلاف کامیابی نے پاکستان کو پلیٹ چیمپئن بنا دیا۔