
اسلام آباد، 27 ستمبر, 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں سیاحت کے فروغ، سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی آبادی و نوجوانوں کے لیے معاشی و ترقیاتی مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبہِ جستجو، تجسس اور دریافت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی مناظر، قدیم تاریخی آثار، شاندار تہذیبی ورثے، متنوع ثقافتی روایات اور اہم مذہبی مقامات سے مالا مال ہے۔ پاکستان کے پہاڑی سلسلے، خوبصورت وادیاں اور معتدل موسم دنیا بھر سے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیاحتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور مقامی آبادی و نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کو ایک محفوظ، پرکشش اور مسابقتی سیاحتی مقام کے طور پر دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہزاروں سال قدیم تہذیبوں، بشمول وادی سندھ اور گندھارا تہذیب، کے ساتھ ساتھ سکھ مت، بدھ مت اور دیگر مذاہب سے وابستہ تاریخی و مقدس مقامات کا بھی حامل ہے، جو مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاحت کا فروغ معاشی ترقی میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ اقوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ثقافتوں سے روشناس ہونے سے انسان کے افقِ فکر میں وسعت آتی ہے، انسانی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور باہمی تفہیم کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور تفریح کا فروغ صحت مند ذہن، مثبت سرگرمیوں اور متوازن طرزِ زندگی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔