
نیویارک، 26 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف پانچ روزہ دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد آج رات لندن روانہ ہوں گے، جہاں ان کے دو سے تین روز قیام کا امکان ہے۔ وزیراعظم کل صبح تقریباً 7 بجے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور اجلاس کے موقع پر کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عالمی امن کے فروغ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے نمٹنے اور ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے امریکا میں اوورسیز پاکستانی بزنس فورم کے نمائندوں کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ لندن میں قیام کے دوران وزیراعظم کا طبی معائنہ بھی متوقع ہے۔ دو سے تین روزہ قیام مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان واپسی متوقع ہے۔