Monday, September 21

وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

FM Dar arrives in New York to attend 81st UN General Assembly session

اقوام متحدہ، 21 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔ کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کے اقوام متحدہ میں سفیر عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی مشن و قونصلیٹ جنرل کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران او آئی سی کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جن میں جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی شامل ہے، جہاں وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں گے۔ وہ فلسطین، مصنوعی ذہانت، وبائی امراض سے بچاؤ اور دیگر عالمی امور سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے جبکہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتوں اور دیگر اہم سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔ ملاقاتوں کے دوران وہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ اہم علاقائی و بین الاقوامی چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔