
راولپنڈی، 14 ستمبر 2026 (کامران راجہ): انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی او اے ایس و سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجودہ عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں مزید استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔