
اسلام آباد، یکم ستمبر 2026 (غفران): حکومت جاپان نے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے تحت ڈوپاسی فاؤنڈیشن کو 2 کروڑ 10 لاکھ جاپانی ین، تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار 500 امریکی ڈالر، کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ گرانٹ اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں تپِ دق (ٹی بی) کی اسکریننگ کے لیے جدید آلات اور گاڑی کی خریداری میں استعمال کی جائے گی، جس کا مقصد کمزور اور محروم طبقات کے لیے بیماری کی بروقت تشخیص اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔ گرانٹ معاہدے پر یکم ستمبر 2026 کو اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے میں پاکستان میں جاپان کے سفیر عزت مآب اکاماتسو شوئیچی اور ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔ ”پنجاب کے دو اضلاع اور اسلام آباد شہر میں تپِ دق کی اسکریننگ کے لیے آلات اور گاڑی کی فراہمی کا منصوبہ“ کے عنوان سے شروع کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت ڈوپاسی فاؤنڈیشن اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلع چکوال میں مکمل طور پر لیس موبائل ہیلتھ یونٹ فراہم کرے گی۔ موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے ڈیجیٹل چیسٹ ریڈیولوجی، ٹی بی اسکریننگ، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مشاورت اور بنیادی طبی معائنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان سہولیات سے بالخصوص دیہاڑی دار مزدوروں، خواتین اور ایسے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا جنہیں صحت کی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈوپاسی فاؤنڈیشن پاکستان میں ایک انسانی ہمدردی کی تنظیم ہے جس کے 200 سے زائد ملازمین ہیں۔ فاؤنڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے محروم اور مستحق طبقات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور ملک بھر میں اپنی صحت سے متعلق سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے۔ اس منصوبے کے لیے ٹویوٹا سوشو کارپوریشن نے فوجی فلم کے تعاون سے بھی تکنیکی معاونت فراہم کی ہے۔ دونوں ادارے ٹی بی اسکریننگ کے لیے کمپیکٹ ایکسرے سسٹم اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس خصوصی لینڈ کروزر کی تیاری کے ساتھ ساتھ اس کے پائیدار آپریشن کے لیے مقامی مینٹیننس سسٹم کی تیاری میں معاونت کریں گے۔
ٹویوٹا سوشو اور فوجی فلم آلات کے مؤثر اور پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کے لیے تکنیکی تربیت بھی فراہم کریں گے۔ منصوبے کے تحت ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد کو معیاری طبی اسکریننگ کی سہولت فراہم کیے جانے کی توقع ہے، جس سے متعدی بیماریوں کے اثرات اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بیماری کی بروقت تشخیص سے قیمتی انسانی جانیں بچانے، علاج پر ہونے والے غیر معمولی اخراجات کو کم کرنے اور کمزور خاندانوں کی طویل مدتی معاشی و سماجی استحکام کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ انسانی تحفظ ہر فرد کی زندگی کے تحفظ سے شروع ہوتا ہے اور یہ جاپان کے ترقیاتی تعاون کا بنیادی اصول ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بروقت تشخیص اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا انسانی جانوں کے تحفظ اور خاندانوں کو کمزوری اور مشکلات سے نکالنے کے لیے براہِ راست اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت جاپان نے پاکستان میں انسانی تحفظ کے فروغ اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مقامی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو گرانٹ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جاپان نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔