Wednesday, September 2

ایس سی او اجلاس کے موقع پر پاکستان اور چین کا آل ویدر اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Pakistan, China Reaffirm All-Weather Strategic Partnership at SCO Summit

اسلام آباد، یکم ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کے موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی 2026 کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے جاری عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون اور رابطوں کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔