بشکیک، 31 اگست 2026 (نوشین): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات پیر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مسلسل سفارتی روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور پائیدار امن کے حصول کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
