Monday, August 31

اسلام آباد میں فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 8 عمارتیں سیل

CDA Seals Eight Buildings for Violating Fire Safety Rules in Islamabad

اسلام آباد، 31 اگست 2026 (نوشین): کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فائر سیفٹی کے لازمی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے پر اسلام آباد میں 8 عمارتیں سیل کر دی ہیں۔ سی ڈی اے نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور حفاظتی معیار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی معائنوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق شہید ملت سیکریٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ، ٹی ڈی اے پی بلڈنگ، بیورلی سینٹر، این آئی سی بلڈنگ، کراؤن پلازا، خداداد ہائٹس پلازا اور اینوائے کانٹی نینٹل ہوٹل کو فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔ سی ڈی اے نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کیپیٹل ہسپتال، پولی کلینک اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) پر مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ معائنے کے دوران عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی اخراج کے راستوں اور انخلا کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ سی ڈی اے نے عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ کو تمام ضروری فائر سیفٹی انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔