اسلام آباد، 30 اگست 2026 (کامران راجہ): ایتھوپین کافی نے اسلام آباد میں باقاعدہ قدم رکھ دیا، جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں پہلی بار مخصوص ایتھوپین کافی کیفے کا افتتاح کردیا گیا۔ وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر، سفیرِ غیر معمولی و مکمل الاختیار ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے اتوار کے روز کیفے کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے قبل روایتی ایتھوپین کافی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایتھوپین کمیونٹی کے ارکان، سفارتخانے کے عملے اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے میڈیا سے خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ سفیر نے کہا کہ یہ افتتاح پاکستان میں ایتھوپین کافی کے باضابطہ آغاز کی علامت ہے اور جڑواں شہروں میں اپنی نوعیت کا پہلا مخصوص ایتھوپین کیفے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’انسانیت کی جائے پیدائش اور عربیکا کافی کے گھر کے طور پر ایتھوپیا کو بجا طور پر سرزمینِ آغاز کہا جاتا ہے۔‘‘ سفیر نے کہا کہ کیفے کی ملکیت ایک ایتھوپین پاکستانی جوڑے کے پاس ہونا اس اقدام کو مزید اہم بناتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور عوامی سطح پر روابط کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیفے کا نام ’’حباشا‘‘ رکھا گیا ہے، جو ایتھوپیا کا تاریخی نام ہے۔ یہ نام پاکستانیوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ حضرت بلال حبشیؓ اور بادشاہ نجاشی سے ان کی گہری عقیدت ہے، جنہوں نے پہلی ہجرت کے دوران ابتدائی مسلمانوں کو پناہ فراہم کی تھی۔ سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر کیفے کے مالک نعیم ہاشمی نے کہا کہ حباشا کے ذریعے ان کا مقصد ایک ایسی جگہ فراہم کرنا ہے جو پاکستان اور ایتھوپیا کو مزید قریب لائے۔ انہوں نے کہا کہ کیفے ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جہاں دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے فن، ثقافت، موسیقی اور سیاحت کو جاننے اور شیئر کرنے کے مواقع حاصل کرسکیں گے۔ کیفے کا افتتاح پاکستانی شہریوں کو ایتھوپین کافی اور ثقافت سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوستی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
