پشاور، 28 اگست 2026 (کامران راجہ): پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے جمعرات کو کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 4 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی پشاور ریجن کے مطابق کارروائی میرکچوری کے علاقے میں مہر گل کلے قبرستان میں کی گئی۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک دستی بم، 7 میگزینز اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت سید ولی ولد عبدالغنی کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کے صوبہ ننگرہار کا رہائشی تھا۔ اس کے قبضے سے افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ سید ولی ممکنہ طور پر ان 3 خودکش بمباروں میں شامل تھا جو اس سے قبل افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گرد حملے کرنے کے لیے آئے تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دیگر مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
