Thursday, August 20

اسلام آباد پولیس کی کارروائی، جی نائن فور میں ہوائی فائرنگ کرنے والے چار ملزمان گرفتار

Islamabad Police Arrest Four Suspects Over Aerial Firing in G-9/4

اسلام آباد، 20 اگست 2026 (کامران راجہ): یومِ آزادی کے موقع پر رات گئے تقویٰ مارکیٹ، جی نائن فور اسلام آباد میں چند نوجوانوں کی جانب سے مبینہ طور پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوئے۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا کے مختلف گروپس میں تیزی سے وائرل ہوئی۔ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے بروقت کارروائی کی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شہزیب ولد جہانزیب، زوہیب الحسن ولد حامد قریشی، محمد بلال اور شعیب افتخار کے نام سے ہوئی ہے۔ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 748، 749، 750 اور 751 کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، استعمال کرنے اور ہوائی فائرنگ سے متعلق دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ خصوصی ٹیمیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں۔ سینئر پولیس افسران کی ہدایات پر اسلام آباد پولیس کی مہم “اسلام آباد میں اسلحہ سے انکار کریں” جاری رہے گی۔ ہوائی فائرنگ، غیر قانونی اسلحہ کے استعمال اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والی ہر قسم کی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی اسلحہ رضاکارانہ طور پر متعلقہ تھانے میں جمع کروائیں، جبکہ لائسنس یافتہ اسلحہ تھانہ کراچی کمپنی میں رجسٹر کروائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔