
نیش وِل، 16 اگست 2026 (غفران): لیونل میسی ایک اور پنالٹی ضائع کر بیٹھے جبکہ انہیں یلو کارڈ بھی دکھایا گیا، اور انٹر میامی کو میجر لیگ سوکر کے ٹاپ آف دی ٹیبل مقابلے میں نیش وِل کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوم ٹیم کی جانب سے انگلینڈ کے سیم سریج اور جرمنی کے ہانی مختار نے دوسرے ہاف میں گول اسکور کیے اور نیش وِل کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ارجنٹائن اور انٹر میامی کے کپتان لیونل میسی پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے، جبکہ 59ویں منٹ میں انہیں یلو کارڈ بھی دکھایا گیا۔ تاہم میسی نے انٹر میامی کے واحد گول میں معاونت فراہم کی۔میسی نے میچ کے دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کی شاٹ دونوں پوسٹوں سے ٹکرا گئی اور گول نہ ہوسکا۔ نیش وِل 43 پوائنٹس کے ساتھ ایم ایل ایس کی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، اس نے 13 میچ جیتے، 2 میں شکست کھائی جبکہ 4 میچز برابر رہے۔ انٹر میامی 38 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔نیش وِل رواں سال کونکاکاف چیمپئنز کپ کے راؤنڈ آف 16 میں بھی انٹر میامی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر چکا ہے۔