راولپنڈی، 15 اگست 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے شور پارود پہاڑی سلسلے میں ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مختلف مقامات پر مؤثر کارروائیاں کیں۔ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد علاقے میں تین چھوٹے گروپوں کی شکل میں موجود تھے۔ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی، جس پر فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی کلیئر کر دیے گئے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی آپریشنز جاری رہیں گے اور باقی ماندہ دہشت گرد عناصر کا تعاقب اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دہشت گرد عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
