
اسلام آباد – 13 اگست 2026 (کامران راجہ):ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے فلسطین کے لیے ناروے کے مضبوط اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ناروے کے وزیراعظم جوناس گار اسٹورے کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ایسپن بارتھ ایدے نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔